پاکستان ٗ چین ٗ روس اور ایران نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس عزم کا اعادہ دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم اور اجتماعی سلامتی معاہدے کی تنظیم کی کانفرنس کے موقع پر پاکستان ٗ چین ٗ روس اور ایران کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کیا گیا۔وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ خود مختاری ٗ آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہئے اور افغانوں کے اپنے طور پر شروع کردہ اور انہی کی سرپرستی میں امن عمل کے بنیادی اصول پر عملدرآمد کیا جانا چاہئے اورافغان عوام کی طرف سے امن،استحکام ،ترقی اورخوشحالی کے حصول کے حقوق کااحترام کیاجاناچاہیے۔انہوں نے افغانستان میں قومی مصالحت کی ضرورت پرزوردیا جس کے نتیجے میں ایک جامع حکومت قائم ہو جو ملک کی تمام لسانی اور سیاسی قوتوں کے مفادات کاتحفظ کرسکے۔انہوں نے مختلف خطرات خاص طورپردہشت گردی کاپھیلائو اورمنشیات کی نقل وحمل روکنے کے لئے کوششوں کومربوط کرنے کی ضرورت پرزوردیاتاکہ علاقائی استحکام کو یقینی بنایاجاسکے اور ہمسایہ ممالک کے جائزتحفظات کودور اور انکے مفادات کاتحفظ کیاجاسکے۔انہوں نے ملک میں پرامن ماحول اوراقتصادی بحالی کی ضرورت پربھی زوردیا ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ افغانستان کو ہنگامی بنیادوں پرانسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے۔