Friday, 20 September 2024, 03:07:17 am
 
وزیر دفاع کا تمام مسائل کے پرامن حل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ
September 19, 2024

وزیر دفاع خواجہ آصف نے تمام تصفیہ طلب علاقائی مسائل کے پرامن حل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات کے دوران دفاع، ہوا بازی اور معیشت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر دفاع نے خطے میں امن اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لئے تاجکستان کی کوششوں کو سراہا۔

تاجک سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے اپنے حکومتی عزم کی یقین دہانی کرائی۔

 

قبل ازیں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیر دفاع نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانے مذہبی اور ثقافتی روایات پر مبنی خوشگوار اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔

وفاقی وزیر نے مشترکہ سرحدی کمیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سرحدی انتظام کے سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کئے ہیں اور اس معاملے پر مشترکہ کوششیں جاری رکھی جانی چاہئیں۔

فریقین نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے باہمی مفاد کے شعبوں میں اسے مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔