Friday, 20 September 2024, 03:03:38 am
 
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کریں گے
September 19, 2024

وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ کی تیئس سے ستائیس تاریخ تک نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے79 ویں اجلاس کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ بات ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے آج (جمعرات) اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتائی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اپنے خطاب میں کثیر الجہتی کیلئے ثابت قدمی کے متعلق پاکستانی عزم کا اعادہ کریں گے اور عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فلسطین اور جمو ں و کشمیر کے تنازع سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے دیرینہ تنازعات کے حل کی اہمیت پرزور دیں گے۔شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار اور اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہونگے۔