وزیراعظم عمران خان نے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے ملک کے بڑے شہروں میں فوری طورپر ماسٹر پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ۔
وہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں رہائش ، تعمیرات اور ترقی کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔وزیراعظم نے کہاکہ بغیر منصوبہ بندی اور غیرمنظم انداز میں شہری آبادکاری ماحول کیلئے خطرہ ہے اور اس سے خوراک کے تحفظ جیسے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ سرسبز علاقوں کا تحفظ قومی ہنگامی صورتحال کے طورپر کیاجائے کیونکہ سرسبز پاکستان نسل نو اورانھیں صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کیلئے ضروری ہے ۔عمران خان نے کہاکہ زمین کے استعمال کیلئے قواعدوضوابط بنائے جائیں اوران پرعمل درآمد کی حکمت عملی مرتب کی جائے۔انہوں نے سرسبز علاقوں کے تحفظ کیلئے عوام کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے وزیرخزانہ کو ذمہ داری سونپی کہ معاشرے کے کمزور طبقے کو آسان اور کم شرح سود پرقرضے فراہم کیئے جائیں تاکہ وہ اپنے گھر بنانے کے قابل ہوسکیں۔اجلاس میں سرسبز علاقوں کا تحفظ کیلئے زرعی ، رہائشی اور دیگر زمینوں کے استعمال کے حوالے سے بنائے گئے قوانین میں ترمیم کا فیصلہ بھی کیاگیا ۔یہ فیصلہ بھی کیاگیاکہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے تیار کئے گئے گرین بلڈنگ کوڈ پر نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام میں آزمائشی منصوبے کے طورپر عمل درآمد کرایاجائے گا ۔