Saturday, 21 September 2024, 06:13:36 am
 
وزیراعظم کی ایف بی آر کے ہوم گرون ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری
September 20, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس نے ایف بی آر کے ٹیکس وصولی کے انتظام کے حوالے سے ایف بی آر کے ہوم گرون ٹرانسفارمیشن پلان کی اصولی منظوری دی ہے۔

یہ منصوبہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف بی آر نے ملک کے دیگر معاشی اور ٹیکنالوجی ماہرین کے ساتھ مل کر گزشتہ پچیس برس کی ٹیکس وصولی کے نظام کا تفصیلی تجزیہ کرنے کے بعد ترتیب دیا ہے۔ اس منصوبے سے معاشی ترقی کا سفر روکے بغیر بہتر انداز میں زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا جاسکے گا اور ہر طبقے سے پورا ٹیکس دینے والوں کو مزید آسانیاں دی جائیں گی۔تجاویز کے مطابق ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اقدامات کا نفاذ اچھے ٹیکس دہندگان سے وسیع مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی تعریف کرتے ہوئے اس حوالے سے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اچھے ٹیکس دہندگان کو مدعو کرکے ٹرانسفارمیشن پلان پر ان سے مشاورت کی جائے اور تجاویز لی جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایف بی آر کا انفورسمنٹ نظام بہتر بنانا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے انہوں نے ایف بی آر کے انفورسمنٹ نظام کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ محصولات میں بہتری سے عوام کو سروسز کی فراہمی اور سماجی شعبے میں بہتری آئے گی ۔ انہوں نے ایف بی آر کے تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی تاکید کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ایک فعال اور خوشحال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ شہباز شریف نے اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ اسمگلنگ کو روکنے کے لئے ایف ڈبلیو او کی معاونت سے نئی چیک پوسٹیں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔