Wednesday, 23 October 2024, 05:59:09 am
 
مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر مکمل ہڑتال
June 21, 2024

 بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموںوکشمیر کے دورے کے خلاف آج مقبوضہ علاقے میں احتجاجاً مکمل ہڑتال کی گئی۔ہڑتال کا مقصد کشمیریوں کی جانب سے نریندرمودی کے مقبوضہ وادی کے دورے اور ان کی سخت گیر پالیسیوں کو مسترد کرنا تھا۔اس سے قبل بھارتی حکومت نے سرینگر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا تھا جہاں ہزاروںکی تعداد میں فورسز اہلکار تعینات کر دیئے گئے تھے۔ لوگوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کیلئے ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جا تا رہا۔نریندر مودی گزشتہ شام سری نگر پہنچے تھے اور انہوں نے آج صبح سویرے ڈل جھیل کے کنارے کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں ایک یوگا پروگرام میں شرکت کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر میں ایک بیان میں نریندر مودی کے دورے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا اصل مقصد عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کے حوالے سے گمراہ کرنے کی کوشش کرنا ہے۔ ادھربھارتی فوج نے گزشتہ ہفتے کے دوران مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد کارروئیوں کے دوران تقریباً تین سو نوجوانوں کو گرفتار کیا ۔