وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار آج(جمعرات کو) اسلام آباد میں برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ برائے پاکستان، مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور افغانستانHamesh Falconer سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
محسن نقوی نے ہمیش فالکنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے ہمیش فالکنر کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی امید ظاہر کی۔
وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈے اور غلط معلومات کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ اور علاقائی امور میں تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔