وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن (آئی ٹی یو سی) کے سیکرٹری جنرل لوک ٹرائینگل نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیکرٹری جنرل شوئیا یوشیڈا، ڈائریکٹر آئی ایل او کنٹری آفس پاکستان گیئر تھامس ٹانسٹول اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
چوہدری سالک حسین نے پاکستان کی مزدوروں کے حقوق کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا، جن میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس اور ورکر ویلفیئر فنڈ کی توسیع شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے تربیتی پروگرامز شروع کیے گئے ہیں۔
آئی ٹی یو سی کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں جمہوری اقدار اور مزدوروں کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کی 7 کروڑ سے زائد لیبر فورس سے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ رواں سال اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ 38 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہونے کی توقع ہے.انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک کروڑ 20 لاکھ پاکستانی مختلف ممالک میں کام کر رہے ہیں۔