بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج یوم پاکستان کے موقع پرپاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی عوام مذہب کے مضبوط رشتے میں منسلک ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں جدا نہیں کر سکتی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نعیم احمد خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص جنوبی ایشیا اور جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے لیے سیاسی اہمیت کا حامل ملک ہے۔ دیگر حریت رہنمائوں خادم حسین، سید سبط شبیر قمی اور مولانا پیر ساجد ندوی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیریوں نے اپنی تقدیر کو پاکستان کے ساتھ منسلک کر دیا ہے۔ ادھر دلی کی ایک عدالت نے غیر قانونی طور پر نظر بند انسانی حقوق کے کشمیری کارکن خرم پرویز اور صحافی عرفان معراج کو ان کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میں دس روز کیلئے بھارت کے بدنازمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی تحویل میں دیدیا ہے۔ واشنگٹن میں ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے امریکی وزارت خارجہ کی کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں ڈھائے جانیوالے مظالم پر عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں ۔