Monday, 30 December 2024, 9:42:06 am
 
ایک اور کشمیری بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہوگیا
March 24, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کپواڑہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے ٹنگڈار Tangdhar میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک آپریشن جاری تھا۔ فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں تلاشی کے دوران ایک بے گناہ نوجوان کو گرفتار کر لیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج ’’ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں سچائی جاننے کے حق اور متاثرین کے وقار ‘‘ کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے اگست2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکار کشمیریوںکو روز قتل اور گرفتار کرتے ہیں اور تشدد کانشانہ بناتے ہیں۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں مظالم کے خاتمے اور کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دیکر تنازعہ کشمیر حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ادھر قابض بھارتی انتظامیہ نے اظہار رائے کی آزادی کے حق پر ایک تازہ حملہ کرتے ہوئے ایک حکم نامہ جاری کیاہے جس میں سرکاری ملازمین کو کسی بھی انتظامی پالیسی یا کارروائی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث اور اسے تنقید کا نشانہ بنانے سے منع کیا گیا۔