Sunday, 06 October 2024, 12:00:42 pm
 
برطانوی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار
September 25, 2023

برطانیہ کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کے مالیاتی کی منڈی میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جو وسعت پاتے معاشی تعاون میں بڑھتے ہوئے باہمی مفاد کا مظہر ہے۔

یہ بات آج(پیر) کو لندن میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے ساتھ لندن کی سرمائے اور مالیاتی منڈی کی سینئر رہنماؤں کی ملاقات میں کہی گئی۔

ملاقات میں بڑی سرمایہ کار اداروں فیڈبلٹی انٹرنیشنل لمیٹڈ، وبلنگٹن مینجمنٹ، Ashmore، جیفریز انٹرنیشنل، رڈوہیل کیپیٹل، سویٹیکس انڈسٹریل ایس اے، آکسفرڈ فرنٹیئرکیپیٹل گرانٹ کو، جے پی مورگن، کلراک کیپیٹل اور یوبی ایل یوکے کے نمائندے شامل تھے۔

وزیراعظم نے وفد کو پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بیرونی حسابات کی بہتری کیلئے حکومت کے اقدامات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ انتظامی اقدامات سے امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ مستحکم اور استحکام کیلئے امیدیں بڑھی ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے اہم شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی صلاحیت اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ عارضی انتظام کے معاہدے کے مژبت اثرات کے بارے میں بات چیت کی جس سے معیشت اور روپیہ کے استحکام کیلئے توقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سمیت پاکستان کی سرمایہ کار دوست کوششوں کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم کی اپنی سربراہی میں اس اقدام سے سرمایہ کاری کا عمل مرکزی دھارے میں آئیگا اہم شعبوں میں سرمایہ کاری آئے گی اور کاروباری ماحول کو سادہ بناتے ہوئے طویل مدتی ترقی تیز ہوگی۔

برطانوی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں آئی ایم ایف پروگرام کے تسلسل اور مختصر سے درمیانی مدت کیلئے اصلاحاتی کوششوں کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ وعدہ کی گئی اصلاحات کرتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کیلئے اپنی عزم کا اظہار کیا۔