Sunday, 19 May 2024, 11:05:26 am
اوآئی سی رابطہ گروپ کاجموں وکشمیرکے مسئلے کے فوری اورپرامن حل پرزور
May 06, 2024

مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کے رابطہ گروپ نے جموں و کشمیر کے مسئلے کے فوری اور پُرامن حل پر زور دیا ہے۔

رابطہ گروپ کا اجلاس گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں او آئی سی کے پندرہویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوا۔

اجلاس میں شریک مختلف رکن ممالک کے وفود نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کیلئے کشمیری عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کے حوالے سے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ انہوں نے رابطہ گروپ کو کشمیری عوام کو اپنی ہی سرزمین پر بے اختیار کرنے کیلئے جاری بھارتی سازشوں پر بریفنگ دی۔

انہوں نے شرکا اجلاس کو بتایا کہ بھارت منظم انداز میں کشمیری عوام کو اُن کے بنیادی حقوق اور آزادی دینے سے گریزاں ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی حکام نے اختلاف کو دبانے کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری خطے کے امن کیلئے خطرناک ثابت ہونے والے بھارتی سربراہان کے اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز بیانات اور آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے بلاجواز دعوئوں کا ادراک کرے۔

نائب وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے ، 5اگست 2019ء کے تمام غیر قانونی اقدامات، یکطرفہ کارروائیوں اور اس کے تحت آبادیاتی تبدیلی اور سیاسی انجینئرنگ کے اقدامات منسوخ کرے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔