Sunday, 19 May 2024, 10:34:21 am
سعودی عرب کا پاکستان کی معیشت میں گہری دلچسپی اوراعتماد کا اظہار
May 06, 2024

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت میں دلچسپی اور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

آج (پیر)اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس کے موقع پر وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاروں کو آسانی فراہم کرنے کے حکومتی عزم کے اظہار کے بعد ہی ہوا ہے۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے معاشی منظر نامے میں تبدیلی لانے کیلئے پُرعزم ہے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قومی رابطہ کار لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد نے کہاہے کہ ہمیشہ پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر سعودی قیادت کے شکرگزارہیں۔

کان کنی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور ٹھوس معاشی استحکام حاصل کرنے کیلئے ایک اہم اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل تمام سرمایہ کاروں خصوصاً سعودی عرب کو بہت اہمیت دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سرمایہ کاروں کے خدشات سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے، سیاسی اور فوجی ادارے سعودی عرب سمیت تمام سرمایہ کا روں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔