Friday, 18 October 2024, 07:51:27 am
 
پاک، تاجک معاہدوں پر بروقت عملدرآمد سے باہمی تعلقات مستحکم ہونگے، وزیراعظم
July 26, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان معاہدوں پر بروقت عملدرآمد اور جائزے سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے یہ بات پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شریف زودہ یوسف TOIR سے آج(جمعہ) کو اسلام آباد میں خیرسگالی ملاقات میں کہی۔

وزیراعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں دو شبنے کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے پرتپاک استقبال پربہت متاثر ہوئے اور دورے میں صدر امام علی رحمان سے دوستانہ اور تعمیری تبادلہ خیال کی تعریف کی۔

انہوں نے اپنے دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں اورسمجھوتوں پردستخط پراطمینان کا اظہارکیا ۔

شہبازشریف نے صدر رحمان کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان رواں سال اکتوبر میں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہان حکومت کونسل میں تاجکستان کی شرکت کا منتظر ہے ۔

تاجکستان کے سفیر نے تعلیم، زراعت ، دفاع اور زمینی اورفضائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے وزیراعظم کو کئی تجاویز پیش کیں ۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کوہدایت کی کہ وہ ان تجاویز مزید غور کیلئے تاجک سفیر سے رابطے میںرہیں ملاقات میں کاسا 1000 سمیت علاقائی روابط کے منصوبے بھی زیرغور آئے۔