Saturday, 27 July 2024, 01:25:40 pm
بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی کئی علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں
September 26, 2023

فائل فوٹو

بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے کئی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں اور گھروں پر چھاپے مارے۔

فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران ضلع بڈگام کے علاقے بیروہ میں کم از کم چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کے اہلکاروں نے پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ جموں کے علاقے بٹھنڈی میں حریت پسند محمد اقبال کے گھر پر چھاپہ مارا۔

ادھر سیاسی ماہرین نے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر میں دریافت ہونے والے لیتھیم کے ذخائر کو نیلام کرنے کے بھارتی منصوبے کی مخالفت کی ہے۔

ان کا کہناہے کہ مودی حکومت نے ناراض مغربی ممالک کو جو کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث بھارتی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈال رہے ہیں،بلیک میل کرنے کے لئے جان بوجھ کر نام نہاد نیلامی کے منصوبے کو میڈیا میں لیک کیا ہے ۔

دوسری طرف کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں راجہ نجابت حسین کی قیادت میں دورہ کرنے والے برطانوی پارلیمانی وفد کے لیے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا اور اسے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کے بارے میں بھارتی جھوٹ کے خلا ف پاسبان حریت جموں و کشمیر نے مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے مبصرگروپ کے دفتر کے باہر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاج میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں ریاستی دہشت گردی کا سرپرست بن چکا ہے۔

پنجاب اور بھارت کی دیگر ریاستوں میں سکھوں نے کہا ہے کہ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر بھارت اور کینیڈا کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی ہندوتوا حکومت نے اندرون اور بیرون ملک سکھوں کے لیے خوف ودہشت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔

ہردیپ نجر کے چچا ہمت سنگھ نجر نے بھارتی پنجاب کے گاؤں بھر سنگھ پورہ میں صحافیوںسے بات کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سکھ آبادی سمجھتی ہے کہ جسٹن ٹروڈو نے قتل میںنریندر مودی حکومت کے ملوث ہونے کا اعلان کرکے بہادری کا مظاہرہ کیاہے۔

انہوں نے کہا اب ہر سکھ خاندان اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو کینیڈا بھیجنا چاہتا ہے لیکن خدشہ ہے کہ بھارتی حکومت اس عمل میں رکاوٹیں کھڑی کرے گی۔