Saturday, 27 July 2024, 04:44:02 am
بھارت مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل کرے، وزیراعظم
September 26, 2023

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ کسی جماعت کے حق میں ادارہ جاتی مداخلت نہیں ہو گی۔لندن میں غیر ملکی میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو جووقت دیا گیا ہے وہ قانون اور آئین کے مطابق ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حلقہ بندیاں ایک قانونی تقاضا ہے اور اگر ہم آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں تو ہمیں قواعد کی پاسداری کرنی چاہئے۔9 مئی کے واقعے کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لوگوں کو قانون کے دائرے میں اپنے جذبات کا اظہار کرنے کی آزادی ہے لیکن احتجاج کے نام پر تشدد اور جلائو گھیرائو کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار نگران حکومت کے طور پر ہم کسی کو جمہوری معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کے خلاف کوئی فوجی بغاوت نہیں ہوئی انہیں آئینی طریقے سے اقتدار سے نکالا گیا۔افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ہم گزشتہ پندرہ برس سے دہشت گردوں کے حملوں کا سامنا کر رہے ہیں اور مختلف طریقوں سے ان کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہم کسی حد تک ان کو ناکام بنانے میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان جیسی کالعدم تنظیموں کے افغانستان میں تربیتی کیمپ ہیں جو ہمارے لئے باعث تشویش ہے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مشکلات کے باوجود وہ افغان عبوری حکومت سے مذاکرات کریں گے کیونکہ اس میں ہمارا مشترکہ مفاد ہے۔بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمسائیوں کے ساتھ بامقصد مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت ہونے کی وجہ سے بھارت کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا چاہئے۔