Saturday, 27 April 2024, 07:25:09 pm
پاکستانی نژاد امریکی دونوں ملکوں کےتعلقات مضبوط بنانےمیں پل کا کردارادا کررہے ہیں،مسعود خان
March 27, 2024

امریکہ میں پاکستان کے سفیرمسعود خان نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کا مختلف اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر خدمات سر انجام دینا پاکستان کے لئے قابل فخر ہے جو دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن ڈسٹرکٹ کورٹ کے دورہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے فیڈرل مجسٹریٹ جج ضیاء فاروقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈسٹرکٹ کورٹ آمد پر ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے فیڈرل مجسٹریٹ جج ضیاء فاروقی نے سفیر پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ضیاء فاروقی ڈسٹرکٹ کورٹ کے پہلے پاکستانی نژاد جج ہیں وہ 2020 سے فیڈرل مجسٹریٹ جج کے عہدے کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

مجسٹریٹ جج ضیاء فاروقی مسلم امریکن پبلک سروس کے بورڈ آف ایڈوائزر کے رکن بھی ہیں۔علاوہ ازیں وہ امریکہ کے معروف تعلیمی ادارے جارج ٹاؤن لاء سکول کے بورڈ آف ایڈوائزرز کے بھی رکن ہیں۔ وہ اس عہدے پر تعینات ہونے والے پہلے پاکستانی مسلمان رکن ہیں۔

سفیر پاکستان اور مجسٹریٹ جج ضیاء فاروقی نے امریکی عدلیہ سمیت مختلف اداروں میں پاکستان نژاد امریکی شہریوں کی خدمات پر گفتگو کی۔

سفیر مسعود خان  نےفیڈرل جج ضیاء فاروقی کو دورہ پاکستان کی دعوت جو انہوں نے قبول کی۔

سفیر پاکستان نے کچھ وقت کمرہ عدالت میں بھی گزارہ اور ایک اہم مقدمے میں عدالتی کاروائی کا مشاہدہ کیا۔