Wednesday, 15 January 2025, 02:34:49 pm
 
بھارتی فوجیوں نے ضلع کشتواڑ میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی کی اور لوگوں کو ہراساں کیا
May 27, 2023

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی اورلوگوں کو شدید ہراساں کیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ضلع میں چرجی، چیچہ، پڈیارنا اور دیگر علاقوں کا محاصرہ کیا اور تلاشیاں لیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ فوجیوں نے ان کے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیا۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اس مذموم اقدام کی شدید مذمت کی ہے جس میں دہلی ہائی کورٹ سے غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی فرقہ پرست حکومت بھارت میں اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے یاسین ملک کو ان کے سیاسی نظریے کی سزا دینے پر تلی ہوئی ہے۔

یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کے خلاف آج مظفر آباد میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

پاسبان حریت کے زیر اہتمام ریلی کے شرکاء نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔