Friday, 08 November 2024, 07:54:30 am
 
بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریتی شناخت مٹانے کے درپے ہے،حریت کانفرنس
May 27, 2024

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے کہا ہے کہ بھارت کا نوآبادیاتی منصوبہ ایک مذموم ایجنڈا ہے جس کا مقصد مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو مٹانا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوتوا تنظیموں راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر قیادت مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کو اپنی ایک کالونی سمجھتی ہے اور کشمیری عوام کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کر رہی ہے۔

ادھر کشمیر میڈیا سروس نے ایک رپورٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو بھارتی قابض فورسز کی طرف سے غیر انسانی محاصرے کی وجہ سے شدیدجسمانی اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے ۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کی وجہ سے کشمیری عوام کی زندگی جہنم بن چکی ہے۔راتوں کو جاگنے اور مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور جھوٹے الزامات کے تحت کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں کی وجہ سے مظلوم کشمیری شدید مشکلات و مصائب کا شکار ہیں۔