Saturday, 27 July 2024, 11:23:09 am
عوام کی بہبود کیلئے پن بجلی سے مکمل فائدہ اٹھانا ناگزیر ہے،چودھری انوار
August 27, 2023

آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ پن بجلی کی موجودہ صلاحیت سے مکمل فائدہ اٹھانا آزادکشمیر کے عوام کی سماجی و معاشی بہتری کیلئے ناگزیر ہے۔

آج اسلام آباد میں توانائی اور آبی وسائل کے محکمے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریاست بھر میں بجلی کی مسلسل ترسیل کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے خورشید آباد بجلی منصوبے، منہاسا سے باغ اور رام پورہ سے باروڑہ تک ترسیلی لائن کے قابل عمل ہونے کی رپورٹس بھی طلب کر لیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قابل عمل ہونے کی ایک رپورٹ تیار کی جائے کہ آیا منگ کا علاقہ راولاکوٹ یا پلندری سے منسلک ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حویلی کے عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے بیٹار بجلی منصوبے کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے جاگران ون۔ٹو۔تھری اور فور کے متعلق بہتر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے نیلم،حویلی اور وادی جہلم میں عوامی ترقی کے منصوبوں اور مقامی بجلی گھروں کی مرمت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی، صنعتی اور گھریلو صارفین کو مدنظر رکھتے ہوئے بل تیار کر نے کے عمل کو شفاف بنایا جائے گا تاکہ عوام کو کوئی تکلیف نہ ہو۔وزیراعظم نے کام کا دباؤ کم کرنے کیلئے ایم اینڈ ڈی ڈی محکمے کو ڈی سینٹرلائزیشن کا بھی کہا۔ انہوں نے کہا کہ تین چیف انجینئرز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے غیرروایتی حل نکالیں۔