وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج کی کامیابی پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہا۔
وہ پیر کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم کے رمضان ریلیف پیکج کی کامیابی اور مستحق افراد تک رقوم کی ڈیجیٹل ترسیل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسکیم کے تحت مستحق لوگوں کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے شفاف طریقے سے ادائیگیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ادائیگی کے جدید طریقوں نے رقم کی منتقلی کو ممکن بنایا جبکہ ڈیجیٹل والیٹس کے ذریعے رقم کی منتقلی بہت آسان اور شفاف رہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ادائیگیوں کے پرانے نظام میں بہت سی خامیاں تھیں جنہیں جدید نظام کے ذریعے دور کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت 79 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل طور پر کی گئیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں ڈیجیٹل والٹس کا دائرہ کار وسیع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو بھی مربوط نظام کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے رقوم کی ادائیگی ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگلے سال ڈیجیٹل طریقے سے فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکج کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرنے والے سرکاری اور نجی اداروں کے افسران کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈز دیں۔