Tuesday, 29 April 2025, 07:56:37 am
 
پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیگا،سینیٹ اراکین کا بھارت کو انتباہ
April 28, 2025

سینیٹ نے آج بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے ذریعے بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے شروع کی گئی شرانگیز مہم اورا سکے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے معاملے پر بحث جاری رکھی۔

بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہاکہ پہلگام واقعہ بھارتی حکام کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے ایک جھوٹا فلیگ آپریشن ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات پر تحقیقات اور شواہد کے بغیر پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرنا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے ۔

سید علی ظفر نے کہاکہ بھارت پہلگام جیسے واقعات کے ذریعے اپنے سیاسی عزائم پورا کرنے کیلئے بدنام ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت یکطرفہ طورپر سندھ طاس معاہدے کو منسوخ یا معطل نہیں کرسکتا  انہوں نے خبردار کیاکہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا ملک کو بیرونی جارحیت سے بچانے کیلئے پوری قوم متحد ہے  انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی طرح کے حالات کامقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں ۔

انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں کی  ہندتوا  سیاست نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو بھی حقوق سے محروم کیا ہے ۔

کامران مرتضی نے بغیر کسی تحقیق کے نتیجہ اخذ کرنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔

اس موقع پر پونجو بھیل ، منظور کاکڑ، جان محمد اور سید شبلی فراز نے بھی خطاب کیا ۔

ایوان کا اجلاس اب کل سہ پہر تین بجے ہوگا  ۔