Friday, 22 November 2024, 06:38:07 pm
 
پاکستان افغانستان میں امن کیلئے مثبت کردارادا کرتا رہے گا:قریشی
August 28, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔دونوںرہنمائوں نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے افغانستان کی انسانی صورتحال کے ازالے کیلئے اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتریس نے افغانستان میں اقوام متحدہ کے انسانی مشن کو سہولیات کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے اس ضمن میں پاکستان سے مسلسل تعاون کی درخواست کی۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو اقوام متحدہ کے کام مکمل کرنے کیلئے تمام ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو برطانیہ کے خارجہ ،دولت مشترکہ اور ترقیاتی اُمور کے وزیر Dominic Raabنے بھی ٹیلی فون کیا اورافغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان عوام کے حقوق کا تحفظ ،سلامتی اور استحکام انتہائی اہم ہے۔وزیر خارجہ نے کہا دنیا کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ صورتحال کی بہتری کیلئے افغانستان سے رابطے میں رہے اور افغانستان کے عوام کی معاشی امداد کی فراہمی جاری رکھے۔برطانوی وزیر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال کے بارے میں برطانیہ کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا اور انخلاء کی کوششوں کیلئے پاکستان کے تعاون اور سہولیات کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا ،دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ۔