Saturday, 27 July 2024, 05:37:27 am
حریت کانفرنس کی بھارت کی جانب سے آزادی پسند تنظیموں پر پابندی کی مذمت
February 29, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے آزادی پسندتنظیموں پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے اور جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کی ایک اور کوشش قراردیاہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جائزسیاسی آوازوں پر پابندی کو جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کو گزشتہ سات دہائیوں سے تمام بنیادی انسانی حقوق اور آزادی سے محروم کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی تنظیموں ،کارکنوں اور ان کی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر کے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ بھارتی وزارت داخلہ نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مسلم کانفرنس جموں و کشمیر پر 5سال کیلئے پابندی عائد کرنے کا اعلان کیاتھا۔ بھارتی قابض حکام نے اس سے قبل جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرپر پابندی میں بھی مزید پانچ سال کی توسیع کی تھی۔مودی حکومت پہلے ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی قیادت کرنے پر کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگرسیاسی جماعتوں مسلم لیگ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، تحریک حریت، دختران ملت اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کو کالعدم قراردے چکی ہے ۔