غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آبادی کاتناسب تبدیل کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری 5 اگست 2019کو بی جے پی حکومت کی طرف سے مسلط کی گئی غیر قانونی تبدیلیوں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔حریت ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کے ظالمانہ اقدامات کا جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،نوٹس لے اور بھارت پر دبا ئو ڈالے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کامسلم تشخص خطرے سے دوچار ہے کیونکہ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں اپنا ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
بھارتی فورسز نے پونچھ اور ریاسی اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاںآج بھی جاری رکھیں اور کئی لوگوں کو گرفتارکر لیا۔ فوجی گھروں میں گھس کر گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ اور مکینوں کو ہراساں کررہے ہیں۔ادھرقابض حکام نے کشمیری مکان مالکان کیخلاف کریک ڈائون شروع کرتے ہوئے ضلع سانبہ میں 11افرادکیخلاف مقدمات درج کئے ہیں۔ کرایہ داروں کی پولیس سے تصدیق کی آڑ میں کیے گئے اس اقدام کو کشمیری مکان مالکان پر بھاری ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے خفیہ ایجنڈے کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر حمید فیاض کو پیرول پر مختصرعرصے کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیاہے۔ مودی حکومت جماعت اسلامی کو حق خودارادیت سے متعلق اپنا موقف تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کیلئے مختلف جابرانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔دریں اثنا لداخ سے تعلق رکھنے والے ماحولیاتی کارکن سومن وانگچک نے عوامی مطالبات کی حمایت میں 15اگست سے 28روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ وانگچک اس سے قبل بھی مارچ میں 21روزہ بھوک ہڑتال کرچکے ہیں۔ ان کے مطالبات میں ماحولیاتی طور پر نازک لداخ خطے کو حریص بھارتی صنعت کاروں سے بچانا اوردہلی کی یلغار سے مقامی ثقافت اور شناخت کے تحفظ کو یقینی بنانا شامل ہے۔