Friday, 01 November 2024, 06:30:02 am
 
نائب وزیراعظم کا مقامی منڈی میں چینی کی قیمت کے استحکام پر اطمینان کا اظہار
October 31, 2024

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت چینی کی برآمدات کی نگرانی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک زائد چینی کی برآمد سے تقریبا ایک سو 20 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جا چکا ہے۔

نائب وزیراعظم نے چینی کے موجودہ ذخیرے اور مقامی منڈی میں چینی کی قیمت کے استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ برقرار رکھنے کے لیے اگلا پیداواری سیزن 21 نومبر سے پہلے شروع ہونا چاہیے۔

ادھر ایئرپورٹس آئوٹ سورسنگ سے متعلق رہبر کمیٹی کے 13ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، نائب وزیراعظم نے موصول ہونے والی بولیوں کی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے تکنیکی تشخیص پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

انہوں نے حکام کو آئندہ ماہ کی 7 تاریخ تک شفاف اور تیز رفتار طریقے سے بولی لگانے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔