Thursday, 03 September 2026, 10:09:39 am
 

مزید خبریں

 
جنگِ ستمبر 1965: تیسرے روز پاک فوج نے چھمب سیکٹر میں بھارت کے 500 جوانوں کو جنگی قیدی بنا لیا
September 03, 2026

جنگِ ستمبر 1965 کے تیسرے روز پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے مختلف محاذوں پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔جنگ جاری تھی اور پاکستان کی مسلح افواج عوام کے ہمراہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی تھیں۔

بھارتی وزیراعظم لال بہادر شاستری اپنی قوم پر طاری پاک فضائیہ کے حملوں کا خوف دور کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔پاک فوج نے چھمب سیکٹر میں بھارت کے پانچ سو جوانوں کو جنگی قیدی بنا لیا جبکہ دشمن کے پندرہ ٹینکوں اور دیگر اسلحے پر بھی قبضہ کیا۔

پاک فوج کے کمانڈر ان چیف جنرل محمد موسی نے ایک فیلڈ ہسپتال میں بھارتی زخمی سپاہی کی عیادت بھی کی۔اسی روز لیفٹیننٹ کرنل نصیر اللہ بابر نے غیر دانستہ طور پر کشمیر کے بھمبر سیکٹر میں ایک بھارتی پوزیشن پر اپنا ہیلی کاپٹر اتار دیا۔

انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک پستول کی مدد سے تیس بھارتی سپاہیوں کو جھانسہ دے کر جنگی قیدی بنا لیا۔پاک فضائیہ نے بھی دشمن کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔

پسرور کے قریب ایک بھارتی Gnat طیارہ پاکستانی علاقے میں اتر گیا، جس کے پائلٹ اسکواڈرن لیڈر برج پال سنگھ سکند کو جنگی قیدی بنا لیا گیا۔اس معرکے میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی افواج کو مختلف محاذوں پر بھاری نقصان اٹھانے پر مجبور کیا۔