Friday, 26 April 2024, 12:03:32 pm
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے کردار ادا کرے:صدر آزاد جموں وکشمیر
March 04, 2023

آزادجموں وکشمیرکے صدربیرسٹرسلطان محمودچودھری نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورخونریزی روکنے کے لئے اپناکرداراداکرے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کیلی فورنیا سٹیٹ اسمبلی کے ارکان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے زوردیاکہ انسانی حقوق کے حوالے سے اپنے بہترین ریکارڈ کی بدولت امریکہ شورش زدہ علاقے میں کشمیریوں کے حقوق کی پامالی کوروکنے اورتنازعہ کشمیر کے حل میں ایک اہم کرداراداکرسکتاہے۔خطے کی انتہائی غیرمستحکم صورتحال کاذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہایہ ضروری ہے کہ دنیا میں اثرورسوخ رکھنے والے دیرینہ تنازعات کے پُرامن حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے دورے پرآئے وفد کے ارکان پرزوردیاکہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کے ہاتھوں بیگناہ شہریوں کی خونریزی روکنے کیلئے اپناسیاسی اورسفارتی اثرورسوخ استعمال کریں۔ وفد کے ارکان نے آزادجموں وکشمیر کے صدر کویقین دہانی کرائی کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کے لئے ہرفورم پرآوازاٹھائیںگے۔