Friday, 04 September 2026, 05:53:15 pm
 

مزید خبریں

 
وزیر خزانہ کا نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی بھرپور حمایت کا اعادہ
September 04, 2026

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نجکاری اور سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کو معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانا اور معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے مالیاتی شعبے میں پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران محصولات میں چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ اخراجات میں کمی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت محصولات اور مجموعی شرح نمو کا تناسب دس اعشاریہ تین فیصد ہے، جسے مختصر مدت میں بڑھا کر گیارہ سے بارہ فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔

انہوں نے ٹیکنالوجی کے شعبے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی برآمدات چار ارب ساٹھ کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ ان میں فری لانسرز نے ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کا حصہ ڈالا۔

نجکاری کے مشیر محمد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ بات واضح ہے کہ پاکستان کی مستقبل کی معاشی ترقی نجی کاروباری شعبے کی قیادت میں ہوگی۔

انہوں نے کہا پی آئی اے کی نجکاری کے بعد پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کی نجکاری کرنے کا عزم اور صلاحیت رکھتا ہے۔