سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے بارہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی اور نگرانی کی گئی اور سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔
اس موقع پر بڑی تعداد میں دیسی ساختہ بم اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔
علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز وطن عزیز کے امن کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔