Sunday, 06 September 2026, 03:37:22 pm
 
چھ ستمبر 1965 کی جنگ کے شہدا کو قوم کا سلام
September 06, 2026

جنگ کے چھٹے روز کیپٹن اسلام احمد خان، میجر فخر عالم خان، میجر محمد منیر خان، میجر محمد سرور اور کیپٹن خالد حمید لودھی نے جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

کیپٹن اسلام احمد خان اکھنور مقبوضہ کشمیر میں دیوی پور کے مقام پر بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر قربان ہوئے ۔ میجر فخر عالم خان نے اکھنور میں بہادری سے لڑتے ہوئے دشمن کی 14 آرٹلری گنز پر قبضہ کیا جنگ کے دوران میجر فخر عالم خان کے ٹینک کو دشمن کا گولا لگا جس سے وہ شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے ۔ میجر محمد منیر خان کو جنگ کے دوران اینٹی ٹینک رائفل کا برسٹ لگا اور نجلے چک کے قریب جان، جان آفریں کے سپرد کردی ۔

میجر محمد سرور بہادری سے دشمن کی صفوں کو چیرتے ہوئے اکھنور کی جانب بڑھ رہے تھے کہ اچانک ٹینک میں گولا لگنے سے آگ بھڑک اٹھی اور وہ شہید ہو گئے ۔ کیپٹن خالد حمید لودھی تروٹی اور جوڑیاں میں فتح کے جھنڈے لہرانے کے بعد اپنے حتمی ہدف اکھنور کی جانب گامزن تھے مگر دشمن کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔

کیپٹن اسلام احمد خان شہید، میجر فخر عالم خان شہید، میجر محمد منیر خان شہید، میجر محمد سرور شہید اور کیپٹن خالد حمید لودھی شہید کا نام جنگ ستمبر 1965 کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔