Monday, 07 September 2026, 02:44:58 pm
 
پاکستان سمیت 8 ممالک نے فلسطینیوں کی بے دخلی کے اسرائیلی بیانات مسترد کردیئے
September 06, 2026

پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر اور اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے زبردستی بے دخل کرنے کی تجاویز اور منصوبوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی انسانی قانون سمیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقے کے اندر یا باہر فلسطینی عوام کو بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزرائے خارجہ نے خبردار کیا کہ جبری بے دخلی کے مطالبات کو سرکاری پالیسی یا عملی اقدامات کی صورت دینے سے خطے کے امن اور استحکام پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔