Monday, 07 September 2026, 03:13:28 pm
 
پوری قوم کو پاک فضائیہ پر فخر ہے،وزیراعظم
September 07, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم کو پاک فضائیہ پر فخر ہے اور وہ وردی میں ملبوس اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔

انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بہادر فضائی جنگجوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور ناقابلِ تسخیر جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ستمبر انیس سو پینسٹھ میں ہماری فضائی حدود کے شاندار دفاع سے لے کر مئی دو ہزار پچیس میں معرکہ حق کے دوران فیصلہ کن جواب تک، پاکستان ایئر فورس نے بہادری، مہارت اور قربانی کی اپنی قابلِ فخر روایت کو برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا غیر معمولی تیاری، جدید ٹیکنالوجی میں مہارت اور مسلح افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ بہترین رابطہ کاری کے ذریعے پاکستان ایئر فورس نے بارہا ہر چیلنج کے خلاف پاکستان کی خودمختاری کے دفاع کی اپنی صلاحیت ثابت کی ہے۔