Monday, 07 September 2026, 02:44:45 pm
 
پاکستان نے جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعووں کو مسترد کردیا
September 07, 2026

پاکستان نے جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعووں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دعوے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقائق کے منافی ہیں۔

متنازع جموں و کشمیر کے نقشے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان پرذرائع ابلاغ کے سوالوںکا جواب دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور مسلسل غیر قانونی قبضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔

ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ بھارت غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول سے متعلق اپنے عہد کو پورا کرے۔