صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ تاریخ میں شاندار کارکردگی پر اسے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آج یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا قوم کو اس حقیقت پر فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی جنگوں میں اپنی صلاحیت، پیشہ ورانہ مہارت اور برتری کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے مسلح افواج کی دیگر سروسز کیساتھ ملکر معرکہ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور دشمن پر ایسا کاری وار کیا جس سے پوری دنیا حیران رہ گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ستمبر 1965 میں پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ کے ہوا بازوں کے جذبے اور عزم نے انہیں آسمان کی وسعتوں میں فتح سے ہمکنار کیا۔
انہوں نے پاکستان ایئر فورس کی مسلسل پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔