Sunday, 06 September 2026, 02:59:37 pm
 
یومِ دفاع و شہداء آج منایا جا رہا ہے
September 06, 2026

یومِ دفاع و شہداء آج منایا جا رہا ہے جس کا مقصد شہدا ء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور تمام خطرات کیخلاف وطنِ عزیز کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

انیس سو پینسٹھ میں آج کے دن بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان پر حملہ کیا تاہم قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس،اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

ملک کی ترقی و خوشحالی اوربھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے مساجد میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ریڈیو پاکستان وطن کے محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے آج خصوصی پروگرامز نشرکریگا۔

یومِ دفاع و شہداء کے سلسلے میں آج صبح کراچی میں مزار قائد پر ِ گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی۔

پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے72 کیڈٹس اور آٹھ خواتین کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے ایئر آفیسر کمانڈنگ، ایئر وائس مارشل حسن فیصل تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔