Sunday, 06 September 2026, 03:00:31 pm
 
صدر، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہان نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر مسلح افواج کے شہداء اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کیا
September 06, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب کوئی قوم اپنی آزادی، خودمختاری اور وطن کے دفاع کیلئے متحد ہو جائے تو کوئی طاقت اس کے عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ کو ہماری مسلح افواج اور پاکستانی قوم کی جانب سے اس بات کاعملی مظاہرہ پیش کیاگیا کہ اتحاد اور جذبہ ایمانی ہماری اجتماعی طاقت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو تسلیم کرنا چاہیے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا حصول ممکن نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع مضبوط بنانے کیلئے ثابت قدم رہے گی جبکہ معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی بہبود کو بھی فروغ دیاجائے گا۔

بری فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کوبھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے شہداء عزت ووقار، فرض کی ادائیگی اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں۔