نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے اگلے 2 روز کے دوران گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں متوقع بارش کے نتیجے میں سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث دریائوں اور ندی نالوں کے بہائو میں اضافے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر کے علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا میں اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی کے علاقوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے۔
اسلام آباد اورپنجاب کے مختلف علاقوں بشمول راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ کے شہری علاقوں میں بھی سیلا بی صورتحال متوقع ہے۔بلوچستان میں ژوب، شیرانی اور موسی خیل کے علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔
شہری موسم کے حوالے سے مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی حاصل کرسکتے ہیں، یا کسی بھی ہنگامی سیلابی صورتحال میں مدد حاصل کرنے کیلئے 911 ہیلپ لائن سے رجوع کرسکتے ہیں۔