Monday, 06 May 2024, 02:07:25 am
وزیرخزانہ کا اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کیساتھ ملکرکام کرنے کے پاکستان کے عزم کااعادہ
April 24, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے غربت میں کمی، خوشحالی میں اضافے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ساتھ ملکر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ عالمی ادارے کے ایشیاء اوربحرالکاہل امور کی ڈائریکٹر کنی وگناراجا سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں یو این ڈی پی کے پاکستان کے کنٹری نمائندے کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے دوہزاربائیس کے سیلاب کے دوران اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی جانب سے مالیاتی تعاون کی فراہمی سمیت بین الاقوامی برادری کومتحرک کرنے کی قابل قدر کوششوں کوسراہا۔

وزیرخزانہ نے ملک کی ترقی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے پالیسی اصلاحات کے نفاذ پر حکومت کی توجہ کو مزید اُجاگر کیا۔

کنی وگناراجا نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی جانب سے پائیدارترقی کے اہداف کے حصول کی پاکستان کی کوششوں کے لئے تعاون جاری رکھنے کاعزم ظاہر کیا۔