Friday, 27 December 2024, 12:31:14 am
 
پاکستان اور مالدیپ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر متفق
December 02, 2023

پاکستان اور مالدیپ نے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور باہمی تعاون خصوصاً معیشت، تجارت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے۔یہ اتفاق رائے آج (ہفتہ) دوبئی میں کاپ28 کے موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معز کے درمیان ایک ملاقات میں کیاگیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کومزید بڑھانے اور خیرسگالی کے عوامی جذبات سے استفادہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیااورموسمیاتی اثرات سے بچائو کیلئے مینگروز اور دیگر پودوں کی کاشت کیلئے مہارتوں کے تبادلے پر بھی بات چیت کی۔انہوں نے موسمیاتی اقدامات اور انصاف کے شعبے میں نتیجہ خیز اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔انوار الحق کاکڑ نے علاقائی تعاون کو بڑھاتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے فروغ کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔انہوں نے مالدیپ کے صدر کا منصب سنبھالنے پر ڈاکٹر محمد معز کو مبارکباد پیش کی۔مالدیپ کے صدر نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے خیر سگالی کے جذبات کے اظہار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔