Monday, 06 January 2025, 04:27:39 pm
 
اڑان پاکستان منصوبہ ملک کو 2047 تک 30 کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کی جانب پرواز ہے،احسن اقبال
January 03, 2025

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان منصوبہ پاکستان کو 2047 تک تیس کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کی جانب پرواز ہے۔

 اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی پروگرام ہے جسے برآمدات کی بنیاد پر ترقی کیلئے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام وفاقی اکائیوں کی حمایت حاصل ہے.

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مقصد کیلئے سول سوسائٹی ، اعلی تعلیمی اداروں ، میڈیا، سائنس دانوں اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات پرمبنی ترقی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ملک کی معیشت کو بہتر بنایاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس شاندار منصوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے انہوں نے کہاکہ جدید تیکنیک سیکھنے اورتربیت کے حصول کیلئے ایک ہزار زرعی گریجوایٹس کو چین بھیجا جارہا ہے جبکہ بجلی کے شعبے کو اصلاحات کے ذریعے مزید فعال بنایاجائے گا۔

انہوں نے کہا غربت اور عدم مساوات کاخاتمہ، خواتین اور نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنا، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کویقینی بنانا منصوبے کی ترجیحات ہیں۔

احسن اقبال نے کہاکہ وفاقی حکومت نے صوبوں کے اشتراک سے ساٹھ ارب روپے سے زائد کی لاگت سے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا آغاز کیا ہے وفاقی حکومت اگلے چارسال میں پاکستان کو ہیپاٹائٹس سے پاک ملک بنانے کیلئے اس پروگرام کے نصف اخراجات برداشت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں میں غذائی قلت کے باعث نشوونما کا عمل رک جانے کے حوالے سے آٹھ ارب روپے سے زائد کی لاگت سے پروگرام شروع کیا گیا ہے۔