اقوام متحدہ میں پاکستان نے مسلح تنازعات کے علاقوں میں امدادی کارکنوں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس حوالے سے ایک بریفنگ کے دوران پاکستان کے نامزد مستقل مندوب عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کے تحفظ میں ناکام ہو رہی ہے۔
انہوں نے حالیہ دنوں میں اسرائیل کے ہاتھوں 15 امدادی کارکنوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی، جن میں 8 فلسطینی طبی کارکن، 6 سول ڈیفنس کے پہلے امداد فراہم کرنے والے اور ایک اقوام متحدہ کا اہلکار شامل ہے۔
انہوں نے اسے غزہ کے جنوبی علاقے میں ایک وحشیانہ اور شرمناک اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ہلاکتوں پر پوری دنیا شدید صدمے میں ہے۔
سفیر عاصم افتخار نے زور دے کر کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2730 واضح طور پر اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ انسانی امدادی کارکنوں کو بین الاقوامی قوانین، بشمول بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت تحفظ فراہم کرنا لازم ہے۔