Saturday, 23 November 2024, 09:29:03 pm
 
دفتر خارجہ کی افغان سرحد پر پاکستانی فوجیوں پر منظم حملوں کی مذمت
May 05, 2021

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہدحفیظ چوہدری نے پاک افغان سرحد پر پاکستانی فوجیوں پر منظم حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں سرحد پر جاری امن و استحکام کیلئے نقصان دہ ہے۔

ژوب ضلع میں پاکستانی فوجیوں پر حملے کے حوالے سے میڈیاکے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم و بیش بیس دہشت گردوں نے پاکستان کی باڑ لگانے والی پارٹی پر آج صبح حملہ کیا‘ حملے میں چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا‘ جس کے نتیجے میں چار پاکستانی سپاہی شہید جبکہ چھ شدید زخمی ہوئے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہا اسلام آباد میں قائم افغانستان کے سفارتخانے کو کہہ دیا گیا ہے کہ متعلقہ افغان حکام کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے اور افغان سرزمین سے متحرک دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر اقدامات کیے جائیں‘ متفقہ پروٹوکول اور ایس او پیز پر عملدرآمدر کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکاجائے۔