وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا کے ضم شدہ علاقوں کی ترقی کیلئے پرعزم اور اس مقصد کے لئے رواں مالی سال کے لئے اڑتالیس ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ مختص کرنا ان کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ضم شدہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم نے آئندہ بجٹ میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی جن سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے اور وہ کم از کم ممکنہ وقت میں مکمل ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے مقامی قیادت اور عوامی نمائندوں سے مشاورت کی جائے۔انہوں نے وفاق اور صوبوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے اور مقررہ اہداف بروقت پورے کیے جاسکیں۔انہوں نے منتخب نمائندوں سے کہا کہ وہ لوگوں کو ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوامی حمایت کے حصول کیلئے انہیں اعتماد میں لیں۔عمران خان نے کہاکہ عوام کو انصاف کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضم شدہ علاقوں کے لئے صحت‘ تعلیم‘ مواصلات ‘ آبپاشی‘ کھیل ‘ قانون اور انصاف ‘ زراعت‘ توانائی اور پینے کے صاف پانی سمیت دوسو سترہ منصوبوں کی منظوری دی گئی۔