وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملک کی اقتصادی صورتحال میں مسلسل بہتری پر اطمینان کااظہارکیاہے ۔
بدھ کے روز اسلام آباد میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے دس سال کے بعد ریکارڈ فاضل حسابات جاریہ کے حصول کو اہم پیشرفت قراردیا ۔
وفاقی وزیر نے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ موجودہ مالی سال کے آخر تک حکومت کے پاس تین ماہ کی درآمدات کی گنجائش ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ غیرملکی ترسیلات زر میں پینتیس فیصد اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے امیدظاہر کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھیجی گئی ترسیلات زر رواں سال کے دوران پینتیس ارب ڈالرز سے بڑھ جائیںگی۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ ترسیلات میں ریکارڈ اکتیس فیصد اضافے کے بعد روشن ڈیجیٹل اکائونٹ نو ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گیا ہے جبکہ مہنگائی کی شرح بھی کم ہوکرچار اعشاریہ نو فیصد پر آگئی ہے ۔