Friday, 22 November 2024, 09:11:19 am
 
حکومت عوام کو روزگارکی فراہمی کیلئے ہائوسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے: وزیراعظم
May 06, 2021

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ترقی کے حصول اور عوام کو روز گار کے مواقع کی فراہمی کے لئے ہائوسنگ کے شعبے پر توجہ دے رہی ہے۔وہ آج لاہور میں کم لاگت ہائوسنگ سکیم پنجاب پیری اربن کے تحت رائے ونڈ کے مقام پر ایک ہائوسنگ منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے کم لاگت گھروں کی تعمیر کا اقدام ملک میں انقلاب کا آغاز ہے جس سے عام آدمی سمیت تنخواہ دار طبقہ اپنے گھر کا مالک بن سکے گا اور تعمیراتی شعبے کو ترقی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پیری اربن ہائوسنگ سکیم کے تحت ایسے علاقوں میں گھر تعمیر کئے جائیں گے جہاں ان کی تعمیر کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور نئی تکنیکوں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے اس شعبے کو جدید خطوط پر استوارکیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگ آنے والے دنوں میں موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے مثبت نتائج دیکھیں گے۔وزیر اعظم نے کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کے لئے عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید کی، انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ہفتے انتہائی اہم ہیں جن میں ہمیں کورونا کے کیسز کو کم کرنا ہے اور یہ اسی صورت ممکن ہے اگر لوگ ماسک پہننا شروع کر دیں۔