وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان ' بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں تھری جی اور فور جی سروسز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان علاقوں کی آبادیوں کو جدید ذرائع ابلاغ سے منسلک کیا جاسکے۔
یہ بات وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کے روز تیسرے پہر اسلام آباد میں صحافیوں کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ جس ا جلاس وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی دارالحکومت میں ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ سروسز تمام قبائلی اضلاع میں فراہم کی جاچکی ہیں۔وزیر اطلاعا ت نے کہا کہ وزیراعظم کا خیال یہ ہے کہ تعلیمی اور دیگر سرگرمیوں کے لئے تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی فراہمی ناگزیر ہے لہٰذا لوگوں کوزیادہ لمبے عرصے تک اس سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔فواد چوہدری نے کہاکہ کابینہ کوالیکٹرانک ووٹنگ میشنز اور الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے فرنچائز کے حق کے بارے میں بھی بتایا گیا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم اس ماہ کی 15تاریخ تک تیار ہو جائے گا اور توقع ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اس ماہ کی پندرہ تاریخ تک ملک میںالیکٹرانک ووٹنگ مشینز تیا ر کرے گی۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سکردو میں ایک نیا سدابہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ سکردو اور گلگت کے موجودہ ہوائی اڈوں کو علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لئے سدابہار ایئرپورٹس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خصوصی افراد کے جہاز میں سوار ہونے اور اترنے میں سہولت کی فراہمی اور سرکاری ملازمین کی بھرتی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ٹیسٹنگ اور امتحانات کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس سلسلے میں ایک چار رکنی کابینہ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔چوہدری فوادحسین نے کہا کہ حکومت نے ان ناراض بلوچ لوگوں سے رابطہ کرنے کے وزیراعظم کے ویژن پر باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں اور امیدطاہر کی کہ اس سے بلوچستان میں ہم آہنگی اور امن قائم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حکومتی عہدیداروں کے بلاضرورت پروٹوکول کا سخت نوٹس لیا ہے اور اسے کم سے کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے یہ بات بھی نوٹ کی کہ فلیگ ایکٹ پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے کیونکہ صرف وفاقی وزراء اور دیگر سرکاری عہدیداروں کو اپنی گاڑیوں پر پرچم لگانے کی اجازت ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے سی ڈی اے کو وفاقی دارالحکومت میں سبزہ زاروں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔