Wednesday, 23 October 2024, 05:58:57 am
 
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کاملک میں سرمایہ کاری لانے پرزور
September 06, 2023

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی ٹیم نے سرمایہ کاری کے حوالے سے آج لاہور کی تاجر برادری اور معاشی ماہرین سے اہم ملاقات کی۔اس سلسلے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ٹیم نے سرمایہ کاری سے متعلق  مثبت نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے ایک جامع بریفنگ دی۔

اس میٹنگ میں پاکستان کی زراعت،لائیو سٹاک، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع کا تعین کیا گیا۔اس کے علاوہ سرمایہ کاری کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے SIFCفورم کے ذریعے پالیسی کی سطح پر کی جانے والی کاوشوں کو بھی اُجاگر کیا گیا۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ٹیم نے کاروباری برادری کو اعتماد میں لیا اور ملک میں سرمایہ کاری کی رغبت کیلئے SIFCکے سفیر کے طور پر کام کرنے پر زور دیا ۔

نجی سرمایہ کاروں کی جانب سے اس طرح کی کوششوں کی تکمیل کیلئے SIFCکو ہر طرح کی حمایت اور سہولت کا بھی یقین دلایا گیا۔

یہ تقریب ایک انٹرایکٹو سیشن پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں تاجر برادری کو سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہ خیالات کا موقع فراہم کیا گیا۔

تاجر برادری نے SIFCپلیٹ فارم کے ذریعے پیش کئے جانے والے سرمایہ کاری کے مختلف مواقع اور عمومی طور پر سرمایہ کاری کے ماحول سے متعلق اہم سوالات کے ذریعے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل  کی ٹیم کی ان ملاقاتوں کا سلسلہ مستقبل میں جاری رہے گا۔