Wednesday, 15 January 2025, 07:51:21 pm
 
برآمدات کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، بلال اظہر کیانی
September 07, 2024

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے بارے میں قومی پارلیمانی ٹاسک فورس کے کنوینربلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ برآمدات کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

انہوں نے آج لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ نون نے ہمیشہ قومی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے کام کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے ، کرنسی مستحکم ہورہی ہے اور افراط زر کی شرح کم ہوکر نواعشاریہ چھ فیصد ہوگئی ہے ۔

بلا ل اظہر کیانی نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کے دوسو یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلئے پچاس ارب روپے کا پیکج وقف کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے بجلی کے دو سو ایک سے پانچ سو یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو اگست اور ستمبر کے بلوں میں چودہ روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا ہے۔

بلال اظہر کیانی نے پاکستان کو دیوالیہ کے دہانے تک پہنچانے پر پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کی۔

انہوں نے زوردیاکہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اوربین الاقوامی اداروں کا اعتماد بحال ہورہاہے۔