کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی نے آج(منگل کو) پاور ڈویژن کی سمری پر انڈسٹریل سٹیٹ اور سپشل صنعتی زونز کو ایک پوائنٹ پر بجلی فراہمی اور انکے انتظامیہ کو خود کنکشن دینے، بل اکھٹا کرنے اور دیگر معاملات نمٹانے کی اجازت دے دی ہے۔
صنعتی صارفین خاص طور پر صنعتی زونز اور سپیشل صنعتی زونز کی طرف سے نئے کنکشن لینے اور بلنگ سے متعلق مسلسل شکایات آرہی تھی اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے اہلکاران و افسران کی طرف سے مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔
ان تمام شکایات کے حل کیلئے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے اہلکاران و افسران کی مداخلت ختم کرنے کیلئے پاور ڈویژن نے کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی میں آج ایک سمری پیش کی جس کے تحت اب ان صنعتی زونز کے انتظامیہ کو ایک پوائنٹ پر بجلی مہیا کی جائے گی اور انکی انتظامیہ کو بل اکھٹا کرنے اور نئے کنکشن دینے کا پورا اختیار ہوگا۔
اس ضمن میں ایک مخصوص او اینڈ ایم میکینزم بنایا جارہا ہے پاور ڈویژن اور نیپرا اس مکینزم پر آنے والے دو سے تین مہینوں میں اس پر عملدآمد شروع کردے گا۔